مہر خبررساں ایجنسی نے امریکی ذرائع ابلاغ کے حوالے سے کہا ہے کہ حزب اللہ نے گذشتہ روس اسرائیل کے اندر کامیاب ڈرون حملے کیے ہیں جس کی ماضی میں مثال نہیں ملتی ہے۔
امریکی چینل سی این این نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ حزب اللہ کے ڈرون طیارے صہیونی دفاعی نظام کی کئی تہوں کو عبور کرنے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔ اسرائیل دفاعی نظام قابل اعتماد نظام سمجھا جاتا ہے تاہم گذشتہ روز حزب اللہ کے ڈرون طیاروں کی شناخت اور حملوں کو روکنے میں بری طرح ناکام ثابت ہوا اور حزب اللہ کے طیارے اسرائیل کے اندر اپنے اہداف کو نشانہ بنانے میں کامیاب ہوئے۔
دفاعی ماہرین کے مطابق حملہ آور ڈرون طیاروں کی نچلی سطح پر پرواز کی وجہ سے ریڈار سسٹم اور دیگر دفاعی نظام شناخت کرنے میں ناکام ہوتے ہیں۔
یاد رہے کہ اتوار کے روز حزب اللہ نے ابابیل خودکش ڈرون طیاروں سے حیفا کے علاقے بنیامینا میں واقع گولان بریگیڈ کے تربیتی مرکز کو کامیابی کے ساتھ نشانہ بنایا تھا۔
اسرائیل ٹائمز کے مطابق حملے میں حزب اللہ کے حملے میں 4 صہیونی ہلاک اور 58 زخمی ہوگئے ہیں جن میں سے 7 کی حالت تشویشناک ہے۔ المیادین نے صہیونی ذرائع کے حوالے سے کہا تھا کہ حملے میں 110 صہیونی فوجی زخمی ہوگئے ہیں۔
حملے کے بعد صہیونی حکومت نے عوام سے خون عطیہ دینے کی اپیل کی تھی۔ صہیونی فوجی ترجمان نے حملے کی تصدیق کی تھی اور عوام سے پرامن رہنے کی اپیل کی تھی۔
دوسری جانب یروشلم پوسٹ نے کہا ہے کہ حزب اللہ کی جانب سے فائر ہونے والے دو ڈرون طیارے سمندری راستے مقبوضہ علاقوں میں داخل ہوگئے۔ صہیونی دفاعی نظام طیاروں کو شناخت کرنے میں ناکام رہا۔
آپ کا تبصرہ